وطن نیوز انٹر نیشنل

گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے اسمارٹ کاڈر کا اجرا

کراچی :صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو مد نظر رکھتے ہوئے سندھ کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں ایک اور انقلابی قدم اُٹھاتے ہوئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے جدید نظام سیکیورٹی فیچرڈ ایم وی آر اسمارٹ کارڈ کا اجرا کردیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات لئیق احمد، ڈائریکٹر جنرلز حاجی سلیم بھٹو، منیر احمد زرداری، ڈائریکٹر ایم وی آر ناصر حسین آفندی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ سیکیورٹی فیچرڈ ایم وی آر اسمارٹ کارڈ کے ذریعے نہ صرف فوری رجسٹریشن ہوسکے گی بلکہ ہمیشہ کے لیے تحفظ حاصل ہوگا جبکہ مذکورہ کارڈ جدید ترین سیکیورٹی فیچرڈ کا حامل ہے ۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے مزید کہا کہ گاڑیوں کے مالکان اب پرانی رجسٹریشن بک کی جگہ سیکیورٹی فیچرڈ ایم وی آر اسمارٹ کارڈ حاصل کرسکیں گے اوراس کارڈ کے اجرا سے جعلی رجسٹریشن بک کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فیچرڈ ایم وی آر اسمارٹ کارڈ کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے گاڑی کی ملکیت کا تعین آسان ہو گا۔ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن پر عمل کرتے ہوئے سندھ خدمت میں سب سے آگے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے مالکان کی سہولت کے لئے محکمہ ایکسائز سندھ پہلے ہی آن لائن ٹیکس جمع کروانے کی سہولت کا آغاز کر چکا ہے ۔ انہوں نے گاڑیوں کے مالکان سے درخواست کی کہ وہ محکمہ ایکسائز سندھ کے جدید نظام سے فائدہ اٹھائیں۔ مکیش کمار چاؤلہ نے اپنے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت سندھ عوام کی خدمت میں ہمیشہ مصروف عمل رہے گی کیونکہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں