وطن نیوز انٹر نیشنل

اسٹاک ایکسچینج میں 369پوائنٹس کی تیزی ،41ہزارکی حد بحال

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں منگل کوزبردست تیزی رہی ،ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں مثبت رجحان کے زیر اثر پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کار نئی سرمایہ کاری میں سرگرم دکھائی دیے ،100انڈیکس369پوائنٹس کے اضافے سے 41ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرکے 41153پربندہوا،50فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سرمایہ کاروں کو 48ارب سے زائد کا منافع ہوا حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت28.60 فیصد زائد رہا۔ اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ، سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی لی گئی جس کے باعث تیزی رہی، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 41784پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا،بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے سے مذکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان آخر تک غالب رہا ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای30انڈیکس 209پوائنٹس بڑھ کر17308پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 190پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 28861پوائنٹس پر جاپہنچاجب کہ کے ایم آئی30انڈیکس952پوائنٹس گھٹ کر65935پوائنٹس پربندہوا۔مجموعی طور پر 403کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 204کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 176میں کمی اور 23 میں استحکام رہا ۔گزشتہ روز 35کروڑ59لاکھ86ہزار126شیئرز کا کاروبار ہوا جب کہ پیر کو 27کروڑ 67 لاکھ97ہزار965حصص کے سودے ہوئے تھے ۔ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بڑھ کر75کھرب78ارب روپے ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں