وطن نیوز انٹر نیشنل

صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ ، مینجمنٹ یونٹ قائم

فیصل آباد:14ارب روپے سے زائد مالیت کے واٹر پراجیکٹ فیز ٹو کی مانیٹرنگ کے لئے واسا کے زیر انتظام پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ(PMU)قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح کردیاگیا ۔ گلستان واٹرورکس شیخوپورہ روڈ پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنرمحمدعلی تھے جبکہ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا جبارانور چودھری،وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید،ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے عامر عزیز، اسسٹنٹ کمشنرسٹی سید ایوب بخاری اور واسا کے افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واٹرپراجیکٹ فیزٹو جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے 25ملین گیلن روزانہ پینے کا صاف پانی شہریوں کو فراہم کرے گا جو شہریوں کے لئے کسی سنگ میل سے کم نہیں ہے اور پراجیکٹ کی تکمیل سے شہر کے مشرقی حصے کی 6لاکھ آبادی پینے کے صاف پانی سے استفادہ کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ جیسے جیسے فیصل آباد کی آبادی بڑھتی گئی شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی ایک چیلنج بنتی گئی لیکن پینے کے پانی کے بڑے پراجیکٹ فیز ٹو کی تکمیل سے صاف پانی کی فراہمی کے مسائل بہت حد تک حل ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ میں تعینات انٹرنیشنل کنسلٹنٹ شہریوں کی مستقبل کی ضرورت کے تحت پانی کے حوالے سے سامنے آنے والے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے اپنی تجاویز دیں گے ۔وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے فارن حکومت 14 ارب روپے کی سرمایہ کاری کررہی ہے جس میں سے 19فیصد فنڈ پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔ جس سے واٹر پراجیکٹ فیز ٹو مکمل کیا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں