وطن نیوز انٹر نیشنل

لنڈا بازار:اشیا60فیصدتک مہنگی،خریدارپریشان

لاہور:لنڈے بازار میں جوتوں ، جیکٹوں اور سویٹرز کے علاوہ دیگر استعمال شدہ اشیا کی قیمتوں میں 30سے 60فیصد تک اضافہ کردیا گیا۔ لنڈے بازار میں خریداروں کا رش ہونے کے باوجود خریداری نہ ہونے کے برابر ہے ۔تفصیلات کے مطابق رواں سال لنڈے بازار میں فروخت ہونے والی سیکنڈ ہینڈ اشیا کے نرخوں میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔ یوں تو ہرموسم میں ہی لنڈا بازار شہریوں کی بڑی تعداد کے لیے بڑا سہارا ہوتا ہے لیکن تن ڈھانپنے کے لیے سردیوں میں لنڈے بازاروں کا رخ کرنے والوں کی تعدادبہت زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔ یہ عالم اِن دنوں بھی دکھائی دے رہا ہے لیکن اکثریت خریداری کے بغیر ہی یہاں سے واپس لوٹ رہی ہے ۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق استعمال شدہ جوتوں، جیکٹوں، کوٹ اور دیگراشیاکی قیمتوں میں 30سے 60فیصد اضافہ ہوگیا ہے ۔اچھا کوٹ4سے 6سو،جوتا 200سے 500، جیکٹ2 سے 3سو روپے کے درمیان فروخت ہورہی ہے ۔ اِسی تناسب سے دیگر اشیا کے نرخوں میں بھی بہت اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔ اِس حوالے سے مارکیٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ اشیا کی قیمتوں میں یہ اضافہ بھی مجموعی طور پر ہونے والی مہنگائی کا تسلسل ہے جس کے باعث لنڈے میں فروخت ہونے والی اشیا کے نرخ بڑھ گئے ہیں۔ اِس بارے میں روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے لنڈے بازار میں تھوک کا کاروبار کرنے والے بیوپاری طارق عباسی نے بتایا کہ ڈالر مہنگا ہونے کے باعث اشیا باہر سے مہنگے داموں خریدنا پڑ رہی ہیں اور حکومت نے بھی اِن اشیا پر مختلف ٹیکسز عائد کررکھے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں