وطن نیوز انٹر نیشنل

سٹیٹ بینک کا شرح سود کو 7 فیصد پر مستحکم رکھنے کا اعلان

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے معیشت پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے شرح سود کو 7 فیصد پر مستحکم رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کا زور ٹوٹنے کی امید ہے، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری آ رہی ہے اور بین الاقوامی ادائیگیوں کے مقابلے وصولیوں کا پلڑا بھاری ہے۔

سٹیٹ بینک کے جاری مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ اجناس کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی رفتار تیز ہوئی ہے لیکن حکومت کی جانب سے رسد میں بہتری کے اقدامات سے قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال معاشی ترقی کی رفتار توقعات کے مطابق 2 فیصد سے تجاوز کر جانے کی امید ہے۔ ٹیکسٹائل، سیمنٹ، پیپر، کھاد اور دیگر مختلف شعبوں کی پیداوار میں بہتری آئی ہے۔ زرعی شعبے میں جہاں کپاس کی پیدوار گھٹی ہے تو وہاں دوسری جانب حکومت کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ فصل کی پیداوار بڑھانے میں معاون ہو سکتا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر میں اضافہ، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی اور امپورٹس کو لگام دینے سے جولائی تا اکتوبر عالمی وصولیاں ادائیگیوں سے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر زائد رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں