وطن نیوز انٹر نیشنل

شہزاد اکبر نے شہباز شریف کی پیرول کیلئے دی گئی درخواست جاری کر دی

وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے شہباز شریف کی پیرول کے لئے دی جانے والی درخواست جاری کر دی۔

شہزاد اکبر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ خدارا موت پر سیاست مت کریں، حکومت پنجاب نے آپ کو غیر معمولی رعایت دی ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کی جانب سے دی جانے والی درخواست ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس درخواست سے مریم اورنگزیب اور رانا ثنا کا جھوٹ کا پردہ فاش ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین دن سے ان رہنماؤں نے حکومت کے پیرول نہ دینے کی گردان لگا رکھی ہے جبکہ خود درخواست میں کہا گیا کہ میت کی آمد سے ایک دن پہلے پیرول پر رہا کیا جائے گا۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہزاد اکبر کو اس موقع پر سیاست اور جھوٹ نہ بولنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیرول حکومت کا احسان نہیں بلکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا قانونی حق ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر کبھی صحت اور کبھی کسی کی موت پر سیاست کرتے ہیں۔ بے حسی اور چھوٹے پن کا مظاہرہ نہ ہوتا تو شہباز شریف کی چودہ دن پیرول کی درخواست منظور کی جاتی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکمران نالائق، نااہل، آٹا چینی چور اور کرپشن کے بے تاج بادشاہ تو ہیں ہی، قوم نے ان کے چھوٹے پن کی انتہا بھی دیکھ لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں