وطن نیوز انٹر نیشنل

جنوری کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ ہو گا، میاں افتخار

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان میاں افتخار کا کہنا ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ ہو گا، مینار پاکستان کو تالاب بنا دیا گیا ہے، حکومت نے گرفتاریاں شروع کر دی ہیں۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار نے کہا کہ ڈی جے بٹ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جلسہ روکنے کے لیے تمام کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

میاں افتخار نے کہا کہ حکمران اتنا ڈر گئے ہیں جلسہ لازمی ہو گا، یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، ہم نے نہ پہلے مانا نہ آئندہ مانیں گے، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ وزیرستان جاتے ہوئے ڈی آئی خان میں عمران خان نےکہا کہ آگے جانا مشکل ہے مجھے گرفتار کرو، ہم نے گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔

میاں افتخار نے کہا کہ عمران خان شکار کرنے تو گیا ہوگا لیکن احتجاج کرنے نہیں گیا، لوگوں سے اپیل ہے ایس او پی پر عمل کریں، ماسک اور سینیٹائزر دیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ ہم گرفتاری کے لئے تیار ہیں، قانونی اور آئینی راستہ اپنائیں گے ، ہم ڈرنے والے نہیں، عمران کی طرح نہیں ہیں۔

میاں افتخار نے کہا کہ اعتزاز احسن سینیئر آدمی ہیں، بلاول نے ان سے متعلق اچھا جواب دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں