وطن نیوز انٹر نیشنل

17 ارب کے منصوبے ,انڈسٹریل سٹیٹ کی خوشخبری جلد دینگے :بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہاہے کہ سیالکوٹ کے لوگوں کو اپنی ایئر لائن سیال ایئر کے آغاز پر مبارکباد دیتاہوں ۔ سیالکوٹ کے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پہلے ایئر پورٹ بنایا اوراب ایئرلائن کا آغاز کرکے قابل تقلید مثال قائم کی ہے ۔ وہ سیالکوٹ میں کامیاب نوجوان پروگرام اور اربوں روپے کے منصوبوں کے آغاز کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیزامپروومنٹ پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں 17 ارب روپے کی لاگت سے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں،ان منصوبوں سے سیالکوٹ شہر کے مسائل حل ہوں گے اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہوگااوراقبال ؒ کا شہر حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ شہر بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے لئے رنگ روڈ بھی بنایا جا رہا ہے ، 5 ارب روپے کی لاگت سے مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنایاجائے گا۔ سیالکوٹ میں 500بستروں پر مشتمل جنرل ہسپتال بھی بنے گا۔ وزیراعظم عمران خان اپنے اگلے دورے کے دوران اس ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سیالکوٹ کے لئے ٹیکنیکل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیاہے ، اس یونیورسٹی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ہزار ایکڑ اراضی پر مشتمل نئی انڈسٹریل سٹیٹ کی خوشخبری بھی سیالکوٹ کو جلد دیں گے ۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی 2انڈسٹریل سٹیٹس چل رہی ہیں اور تیسری انڈسٹریل سٹیٹ پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔ پسرور روڈ کی تعمیر و مرمت پر چند دنوں میں پیشرفت ہوگی۔ بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں بزدار نے کہاہے کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا۔بد عنوانی جرم کے ساتھ سماجی، معاشی اور معاشرتی ظلم ہے ۔کرپشن کرنے والے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کراپنے منصب اورملک سے غداری کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں۔بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کوحکومت کے ساتھ مل جل کر جدوجہد کرنی ہوگی۔قومی وسائل لوٹنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں اینٹی کرپشن کی خصوصی مہم میں 206 ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کی۔ عمران خان کی قیادت میں حکومت نے 30 برس کے دوران وسائل لوٹنے والے بااثر مافیا پر پہلی بار ہاتھ ڈالا مگرمچھوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ۔ادھر انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں عثمان بزدارنے کہاہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺنے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے ، دین اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے ۔پاکستان میں ہر شہری کو یکساں حقوق حاصل ہیں ۔ انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنے والے معاشرے اخلاقی اور سماجی لحاظ سے تباہ ہو جاتے ہیں ۔مودی سرکار نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں ۔ نہتے کشمیری عوام اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لئے ترس رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں