وطن نیوز انٹر نیشنل

نیو کراچی میں فیکٹری میں دھماکا، 6 افراد جاں بحق اور 17 زخمی

نیو کراچی میں صبا سینما کے قریب فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد فیکٹری کے باہر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث فیکٹری کی چھت بھی گرگئی جس کی وجہ سے کئی افراد ملبے تلے دبے ہیں اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

فیکٹری میں دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دھماکے سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم ابتدائی تفتیش کے مطابق فیکٹری میں دھماکا بوائلر پھٹنے کے باعث ہوا ہے تاہم دھماکے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر سلمی کوثر کے مطابق کل 14 زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا جن میں سے 4 جاں بحق ہوگئے، ایک زخمی کو جناح اسپتال بھیجا گیا ہے جب کہ 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔ سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں فیکٹری میں دھماکے کا ایک زخمی سول اسپتال ٹراما سینٹر میں لایا گیا جس کی حالت تویشناک ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے جب کہ ایس ایس پی سینٹرل اور ان کی ٹیم امدادی کاموں کی نگرانی کررہے ہیں، ضلع وسطی پولیس کے افسران و اہلکار امدادی سرگرمیوں و کاموں میں مصروف ہیں جب کہ امدادی ٹیموں کی آسانی کے لئے گزرگاہوں کو کلئیر رکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیر محنت سندھ سعید غنی نے نیو کراچی میں فیکٹری میں دھماکہ پر انکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں حادثہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں