وطن نیوز انٹر نیشنل

شہر کے کئی علاقے جوہڑ،سڑکیں کھنڈر

سرکاری اداروں کی مبینہ غفلت اور نامناسب اقدامات کے باعث شہر کے کئی علاقے جوہڑ اور سڑکیں کھنڈر بن گئیں۔تفصیل کے مطابق شہر میں ابھی صفائی کی صورتحال ابتر تھی کہ سیوریج اور آمدورفت کے مسائل نے بھی جنم لینا شروع کر دیا ۔نجی کمپنی اور واسا افسروں میں رابطے کے فقدان کے سبب سردیوں کے موسم میں بھی گٹر ابلنا شروع ہوگئے ۔سروے کے مطابق علامہ اقبال زون ، رائیونڈ،جی ٹی روڈ،یو ای ٹی، چائنہ سکیم،مکہ کالونی گلبرگ ، نشتر ٹاؤن، رکھ چند رائے اور دیگر علاقوں میں گٹر ابلنے سے گندا پانی سڑکوں،گلیوں اور محلوں میں جمع ہو گیا جس سے شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے اور تعفن سے ان کا جینا محال ہو چکا ہے ،تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہو چکے، اس کے علاوہ آمدورفت میں بھی مسائل ہیں۔ بھوگیوال کی مرکزی ڈرین بند ہو نے سے فٹ فٹ تک گندا پانی جمع ہو گیا۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے تمام ڈرینوں کی ڈی سلٹنگ مرحلہ وار کی جاتی ہے ، جہاں بھی سیوریج کے مسائل ہیں ان کو فی الفور حل کیا جائیگا۔ دوسری طرف ٹوٹی پھوٹی شاہراہوں اور سٹریٹ لائٹس کی بندش کے مسائل سنگین ہوگئے ۔سرکلر روڈ، ایبٹ روڈ، علامہ اقبال روڈ، منٹگمری روڈ ، جی ٹی روڈ،اک موریہ پل اور شاہراہ قائد اعظم کے متعدد حصوںسمیت شہر کی متعدد شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ بیشتر شاہراہوں کی سائیڈروڈز کی حالت بھی انتہائی دگرگوں دکھائی دیتی ہے ،ٹریفک کیلئے بھی سنگین مسائل پیدا ہورہے ہیں ،شہری مشکلات کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔تمام سٹریٹس لائٹس روشن کرنے کا وعدہ ایک سال قبل کیا گیا مگر وفا نہ ہوسکا۔شہریوں نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کے دوران قرار دیا ماضی کی نسبت شہر کے مسائل میں کہیں زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔ کمشنر ذوالفقار گھمن نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا شہر کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے تمام مطلوبہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،شہری جلد شہر کے حالات میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں