وطن نیوز انٹر نیشنل

یوٹیلیٹی سٹورز:اشیابےتحاشہ مہنگی ہونے پر شہری پریشان

آٹے ، چینی ، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیاگیا،نرخوں میں اضافے کے باوجود لاہور کے بیشتر یوٹیلیٹی سٹورز پر متعدد اشیا سرے سے ہی غائب ہوگئیں۔ کمشنرلاہورنے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق خشک دودھ، صابن، مصالحہ جات اور ٹوتھ پیسٹ مہنگے ہوجانے سے مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ہے ۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر مہنگی کی جانے والی مختلف اشیا کے نرخوں میں 7روپے سے 97روپے تک کا اضافہ ہوا ہے جس کے باعث اہل لاہور کے ہوش اڑ گئے ۔ اس صورت حا ل پر صارفین کی طرف سے شدید غصے کا اظہار سامنے آرہاہے ۔ شادمان، ریلوے ہیڈ کوارٹرز، تاج باغ اور متعدد دیگر یوٹیلیٹی سٹورز پر روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے صارفین کی طرف سے قرار دیا گیا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکومت کو اب اپنی ناکامی تسلیم کرلینی چاہیے ۔دوسری طرف آٹے اور چینی کا بحران ایک مرتبہ پھر سر اُٹھا رہا ہے ۔ گزشتہ چند روز کے دوران لاہور میں چینی کے نرخوں میں 10روپے کلو تک کا اضافہ ہوچکا ہے جوشہر کے زیادہ تر مقامات پر 95 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے ۔ اِس حوالے سے کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن کی طرف سے چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔دوسری طرف گھی کے نرخوں میں اضافے کے بعد اب پرچون میں برانڈڈ گھی اور خوردنی تیل 255 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اپنے تمام تر دعوؤں کے باوجود لاہور کی ضلعی انتظامیہ سبزیوں اور پھلوں کی بھی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی نہیں بنا سکی۔تقریبا ًتمام ہی سبزیوں کے مقرر کردہ نرخوں اور فروخت کے نرخوں میں واضح فرق موجود ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے اور جرمانے عائد کیے جانے کے علاوہ ایف آئی آرز بھی درج کرائی جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں