وطن نیوز انٹر نیشنل

نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف شاہراہیں بند کرنے پر نوٹس جاری

سندھ ہائی کورٹ نے پاک، جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف شاہراہیں بند کرنے کیخلاف درخواست پر چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈپٹی کمشنر شرقی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیے۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں بینچ کے روبرو پاک، جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف شاہراہیں بندکرنے کے خلاف پاسبان کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل عرفان عزیز ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ 25 روز کے لیے اہم شاہراہیں بند کردی گئی ہیں جس کے باعث شہریوں کا سفر کرنا محال ہوگیا ہے۔

اہم شاہراہیں بند کرنے سے پورا شہر بلاک ہوچکاہے ، نوکری پر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے، شاہراہیں بندکرنا سپریم کورٹ دھرنا کیس ججمنٹ کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈپٹی کمشنر شرقی، ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 4 فروری تک جواب طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں