وطن نیوز انٹر نیشنل

بختاور بھٹو زرداری کا محمود چوہدری سے نکاح

پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری محمود چوہدری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن بختاور کے نکاح کی تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا: میری بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ ہے، مجھے ایسا لگا کہ مسرت کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں، میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ نئی زندگی کی ابتداء کی مبارک باد ہو- ماشاءاللہ !

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے چند روز قبل بختاور بھٹو زرداری کی شادی پر مبارک باد کے پیغامات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے ایس او پیز کے پیش نظر بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات میں کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب 27 نومبر کو کراچی میں بلاول ہاؤس میں منعقد ہوئی تھی۔

آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کے تین بچے ہیں جن میں سے بختاور کا دوسرا نمبر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی پیدائش 1988 میں ہوئی تھی، جب کہ بختاور بھٹو زرداری کی پیدائش جنوری 1990 میں ہوئی تھی۔

آصف علی زرداری اور بینظیر بھٹو کی تیسری اولاد ان کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری ہیں جن کی پیدائش فروری 1993 میں ہوئی تھی۔


محمود چوہدری، محمد یونس اور بیگم ثریا چوہدری کے صاحبزادے ہیں جن کا تعلق پرانے لاہور سے ہے لیکن سنہ 1973 میں وہ متحدہ عرب امارت منتقل ہو گئے جہاں انھوں نے تعمیرات اور ٹرانسپورٹ کے کاروبار کی بنیاد رکھی۔

اپنے پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے محمود 28 جولائی سنہ 1988 کو متحدہ عرب امارت میں پیدا ہوئے اور وہیں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد مزید تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں انھوں نے یونیورسٹی آف درہم سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔

یونس چوہدری کا خاندان متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے جہاں محمود تعمیرات، فنانس اور ٹیکنالوجی کے کاروبار سے منسلک ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین بڑی تعداد میں بختاور بھٹو اور ان کے خاندان کو شادی کی مبارکباد دے رہے ہیں۔

سید صداقت علی شاہ نے بلاول بھٹو کے ٹویٹ کے جواب میں لکھا: ’آپ کی والدہ آپ کو دیکھ رہی ہوں گی۔ اس ٹویٹ نے مجھے جذباتی کر دیا ہے۔ آپ جس درد ناک وقت سے گزر رہے ہیں میں اسے سمجھ سکتا ہوں۔ بختاور کے لیے نیک تمنائیں۔‘

طاہر بادشاہ نے لکھا: ’جناب آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بی بی بختاور بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور تمام پی پی جیالوں اور بھٹو خاندان کو بی بی بختاور بھٹو زرداری کا نکاح مبارک ہو۔‘

اس موقع پر کچھ صارفین خاص طور پر بے نظیر بھٹو کو یاد کرتے بھی نظر آئے۔

زاہد شیخ نے لکھا: ’وہی بزم ہے وہی دھوم ہے وہی جیالوں کا ہجوم ہے، کمی تو بس بے نظیر کی تھی جو تہہ مزار چلی گئی۔‘

ایک اور صارف نے لکھا: ’بہن کی رخصتی کرنا اتنا آسان نہیں، ایک مشکل مرحلہ ہے۔ اللہ پاک یہ پیار سدا سلامت رکھے اور ہماری بہن کی نئی زندگی خوشیوں سے بھر دے۔ آمین۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں