وطن نیوز انٹر نیشنل

سندھ؛ کالج پرنسپلز کی حاضری تصدیق واٹس ایپ ویڈیو کال سے ہوگی

سندھ بھر کے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کی حاضری کی دہری تصدیق کے سلسلے میں ’’واٹس ایپ ‘‘ پر ویڈیو کالنگ کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ کالج ایجوکیشن نے کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کی حاضری کی دہری تصدیق (کاؤنٹر چیک) کرنے کے سلسلے میں ’’واٹس ایپ ‘‘ پر ویڈیو کالنگ کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ پرنسپلز کی حاضری کے سلسلے میں بھجوائے جانے والے بعض ڈیٹا کے غلط ثابت ہونے اور ان کی تصدیق نہ ہونے پر کیا گیا

اس سلسلے میں محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں سندھ کے تمام ریجنز کے ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپلز کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ کالج پرنسپلز کی حاضری کے سلسلے میں بھجوائی گئی معلومات کو چیک کرنے کے لیے انھیں واٹس ایپ پر ویڈیو کال کی جائے گی تاکہ پرنسپل کی کالج میں موجودگی کی تصدیق ہوسکے۔
ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن ضمیر احمد کھوسو کے دستخط سے جاری اس سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ویڈیو کال کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن آفیسرکالج کی کلاس روم سرگرمی ، لائبریری، تجربہ گاہوں اور کالج کے انفرااسٹریکچر کی صورتحال کا بھی جائزہ لے گا۔

سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ کالج پرنسپلز اس سلسلے میں ڈیوٹی کے اوقات کے دوران اپنے موبائل فون کو چارج رکھیں اور سرکلر میں دیے گئے موبائل نمبرز کو محفوظ کرلیں، واضح رہے کہ کالجوں میں پرنسپلز کے ڈیوٹی اوقات میںغائب رہنے یا تاخیر سے آنے کی شکایات ہیں کئی اساتذہ بھی کالج نہیں آتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں