وطن نیوز انٹر نیشنل

کشمیر لیگ؛ حفیظ ناکام، ٹیم فائنل میں پہنچ گئی

مظفر آباد ٹائیگرز نے سنسنی خیز مقابلے میں فتح کے ساتھ کشمیر پریمیئر لیگ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

مظفر آباد میں کھیلے جانے والے کوالیفائر میچ میں راولا کوٹ ہاکس نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،مظفر آباد ٹائیگرز کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں کپتان محمد حفیظ بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہوگئے۔

عمران رندھاوا نے ذیشان اشرف (5)کو شاہد آفریدی کا کیچ بنوانے کے بعد صہیب مقصود (17)کو حسین طلعت کی مدد سے دھرلیا،سہیل اختر (1) شاہد آفریدی اور وکٹ کیپر بسمہ اللہ خان کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، سہیل تنویر 10رنز بناکر آصف آفریدی کی گیند پر کاشف علی کو کیچ دے بیٹھے، انضمام الحق(30) کی مزاحمت دانش عزیز نے آصف آفریدی کی معاونت سے ختم کی، مشکل صورتحال میں انور علی نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔
دانش عزیز کی گیند پر عمران رندھاوا نے کیچ لیا،انور علی 35گیندوں پر 57اور اسامہ میر 20رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، مظفر آباد ٹائیگرز نے 8وکٹوں پر 164کا مجموعہ حاصل کیا، عمران رندھاوا اور دانش عزیز 2،2، وقاص مقصود، آصف آفریدی اور شاہد آفریدی نے ایک ایک شکار کیا۔

راولا کوٹ ہاکس کی اننگز میں سہیل تنویر نے احمد شہزاد(3)کو وکٹ کیپر ذیشان اشرف کا کیچ بنوایا، بسمہ اللہ خان(19)رن آؤٹ ہوگئے، صاحبزادہ فرحان (7) کو سہیل تنویر نے ایل بی ڈبلیو کیا، کاشف علی (13) اسٹمپ ہوئے، کپتان شاہد آفریدی(11)کو اسامہ میر نے بولڈ کیا،حسین طلعت کے 52پر رن آؤٹ نے مہم مزید کمزور کردی،عمران رندھاوا(8)کی بیلز ارشداقبال نے بکھیر دیں۔

فتح کیلیے 9گیندوں پر 10رنز درکار تھے کہ سہیل تنویر نے دانش عزیز(37)کو بولڈ کرنے کے بعد اگلی بال پر وقاص مقصود(0)کو انور علی مدد سے دھرلیا، آخری اوور کی چوتھی گیند پر زمان خان رن آؤٹ ہوگئے۔

راولا کوٹ کی کوشش 157پر تمام ہوئی، سہیل تنویر4، آصف آفریدی، حفیظ اور اسامہ میر نے 1، 1شکار کیا۔ مظفر آباد ٹائیگرز نے فائنل میں جگہ بنالی، راولا کوٹ کو ایک اور موقع ایلمینیٹر کی فاتح ٹیم کیخلاف میچ میں ملے گا، یہ مقابلہ میر پور رائلز اور اوورسیز واریئرز کے مابین ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں