وطن نیوز انٹر نیشنل

ناردرن ایریاز فتوحات کی راہ پر گامزن ,جنوبی پنجاب کی ناکامیوں کی ہیٹرک مکمل

قومی ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں جنوبی پنجاب نے ناکامیوں کی ہیٹرک مکمل کرلی جب اسے خیبر پختونخوا نے 6 رنز سے ہرادیا جبکہ ناردرن ایریاز نے وسطی پنجاب کو 35رنز سے شکست دیکر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کی ۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 8ویں میچ میں خیبر پختونخوا نے دوسری وکٹ پر 100 رنز کی رفاقت کے سہارے 5وکٹوں پر 200 رنز بنا ڈالے ۔مرد میدان محمد حفیظ نے 67 رنز میں 5 چوکے اور5چھکے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 55 رنز میں6چوکے اور2چھکے رسید کئے ، افتخار احمد کے ناقابل شکست 45میں بھی 3 چوکے اور 3چھکے شامل تھے ۔جنوبی پنجاب کے صہیب مقصود نے 77رنز کی اننگز کھیلی تاہم اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے جو8وکٹوں پر 194رنز بنا سکی،جنید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ایونٹ کے 7ویں میچ میں ٹاس ہارنے والی ٹیم دفاعی چیمپئن ناردرن ایریاز 8وکٹوں پر 155رنزبنا سکی جس میں کپتان شادا ب خان کے 2چھکوں سمیت 30رنز سب سے نمایاں تھے جبکہ آصف علی نے 24رنز کا اضافہ کیا ،عثمان قادر نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔وسطی پنجاب کی پوری ٹیم 19ویں اوورکی پہلی گیندپر 120رنزتک محدود ہوگئی اور میچ 35رنز سے ہارگئی ،عابد علی نے 35رنز کی اننگز کھیلی ۔حارث رؤف اور محمد موسیٰ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں مگر دو وکٹوں کے ساتھ شاداب خان مرد میدان کا ایوارڈ لے اڑے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں