وطن نیوز انٹر نیشنل

آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 88 رنز سے مات دے دی، 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 225 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلا ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی 45.2 اوورز میں آؤٹ ہوگئے۔ کپتان بابراعظم اور امام الحق کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر نہیں ٹک سکا۔ اننگز کے آغاز میں فخر زمان جلد اؤٹ ہوئے لیکن بعد میں کپتان بابراعظم اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا اور بہترین پارٹنرشپ قائم کی۔ بابر نے 72 بولوں پر 52 رنز بنائے جبکہ امام نے سنچری اسکور کی۔

پاکستان کی اننگز

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے تین سو چودہ کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ اوپنر بلے باز فخر زمان 18 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان بابراعظم نصف سنچری بنا پولین لوٹ گئے، سعود شکیل صرف 3 رنز بنا سکے۔

امام الحق کو 96 بولوں پر 103 رنز بنا کر پویلین لوٹنا پڑا، محمد رضوان 10 اور افتخار احمد 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ حسن علی اور خوش دل شاہ بھی آئے اور چلے گئے، اس طرح پوری ٹیم 45.2 اوورز میں ہی ڈھیر ہوگئی۔

آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نمایاں بولر ثابت ہوئے، مچل سوئپسن اور ٹریوس ہیڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو چلتا کیا، سین ابوٹ اور نیتھن الیس نے 1،1 شکار کیا۔

آسٹریلیا کی اننگز

کینگروز نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ 23 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ٹریوس ہیڈ سنچری اسکور کرکے افتخار احمد کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ بین میکڈرموٹ 70 بالوں پر 55 رنز بنا سکے، مارنس لیبوسچیج 35 بالز پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایلکس کیری کو زاہد محمود نے چلتا کیا، مارکس اسٹونیس 26 رنز جبکہ سین ابوٹ 14 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے۔

قومی ٹیم کے حارث رؤف اور زاہد محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افتخار احمد اور خوش دل شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے نیتھن ایلس اور مچل سویپ سن کو ون ڈے میں ڈیبیو کروایا گیا جبکہ پاکستان کے اسپنر زاہد محمود اور فاسٹ بولر وسیم جونیئر کو ون ڈے کیپ مل گئی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ شام کے وقت بیٹنگ آسان ہو سکتی ہے جبکہ مہمان ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بالنگ کرتے۔

پاکستان اسکواڈ

امام الحق، فخر زمان، کپتان بابراعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف، زاہد محمود۔

آسٹریلوی اسکواڈ

کپتان ایرون فنچ، بین مکڈرموٹ، مارنس لبوشین، ٹریوس ہیڈ، مارکس اسٹونس، کیمرون گرین، الیکس کیری، سین ایبٹ، ایڈم زمپا، نیتھن ایلس، مچل سوئپسن۔

اپنا تبصرہ بھیجیں