وطن نیوز انٹر نیشنل

یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا مارکیٹ سے مہنگی

فیصل آباد:شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کیلئے بنائے گئے یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی اشیا خورونوش مہنگے داموں فروخت ہونے لگی ہیں۔ دالیں، گھی، کوکنگ آئل سمیت دیگر بنیادی اشیا اوپن مارکیٹوں کی نسبت مہنگے داموں فروخت ہونے لگی ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ کی نسبت سستے داموں ملنے والے چینی اور آٹے کی عرصہ دراز سے قلت ہے جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ فیصل آباد میں یوٹیلیٹی سٹورز پر دالیں، گھی، کوکنگ آئل سمیت دیگر بنیادی اشیا خورونوش اوپن مارکیٹ کی نسبت مہنگے داموں میں فروخت ہونے لگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر 155 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہونیوالے کالے چنے اوپن مارکیٹ میں 125 سے 130روپے فی کلو گرام میں دستیاب ہیں۔ دال ماش، دال مونگ، دال مسور ، گھی، کوکنگ آئل اور دیگر اشیا بھی اوپن مارکیٹوں کی نسبت 20سے 30 روپے فی کلوگرام مہنگی فروخت کی جارہی ہیں۔ نجی کمپنی کی کولڈ ڈرنک کا ڈیڑھ لٹر کی 6بوتلوں کا پیکٹ یوٹیلیٹی سٹورز پر 504 روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ اوپن مارکیٹوں میں اسکی قیمت 430سے 450کے درمیان پائی جاتی ہے ۔ اشیا خورونوش کی قیمتیں اوپن مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی سٹورز پر زیادہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز کی بجائے اوپن مارکیٹوں سے خریداری کرنے کو ترجیح دی جانے لگی ہے ۔ ذ رائع کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے اپنی سر سے ذمہ داری اتارنے کیلئے صرف چند سٹورز پر چینی اور آٹے کا کوٹہ بھیجا جاتا ہے ۔زونل منیجر عمران گیلانی کہتے ہیں کہ قیمتوں اور اشیاکی قلت کے حوالے سے حکام کو آگاہ کردیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں