وطن نیوز انٹر نیشنل

زمبابوے کو پھر مات, ٹی 20 سیریز پاکستان کے نام,حیدرعلی مرد میدان

راولپنڈی،لاہورکپتان بابر اعظم اور حیدرعلی کی ذمہ دارانہ نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹونٹی میں8وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 2-0سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ گزشتہ روز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹونٹی میچ میں میزبان قائد بابراعظم نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ مہمان سائیڈ کی اننگز کا آغازاچھا نہیں تھا ، حارث رؤف نے میچ کے دوسرے اوور میں 3 رنز بنانے والے اوپنر برینڈن ٹیلر کی اہم وکٹ حاصل کر لی۔اس موقع پر کپتان چامو چبھابھا اور شان ولیمز نے دوسری وکٹ کیلئے 25رنز جوڑ کر مجموعے کو 30 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ حارث رؤف کی شارٹ گیند پر چامو چبھابھا15رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کو کیچ دے بیٹھے ۔ مہمان الیون ابھی دوسرے نقصان سے سنبھلی بھی نہیں تھی کہ فہیم اشرف نے ان فارم بیٹسمین شان ولیمز کی وکٹیں بکھیر کر گرین شرٹس کو ایک اور اہم کامیابی دلا دی،جب مجموعی سکور 65 رنز تک پہنچا تو دوسرا ٹی ٹونٹی کھیلنے والے قومی لیگ سپنر عثمان قادر نے اپنے ایک ہی اوور میں 7 رنز بنانے والے سکندر رضا اور 24 رنز پر ویسلے میدھویرے کو آؤٹ کردیا۔ریان برل نے نصف درجن کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد میدان میں مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا اور وکٹ کے ایک اینڈ سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو قدرے بہتر ہدف دینے میں مدد کی جبکہ ایلٹن چیگمبورا 18رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ڈونالڈ ٹریپانو 15رنز سے آگے نہ بڑھ سکے تاہم ریان برل 32اور ٹینڈائی چیسورو کے ناقابل شکست تین رنز کی بدولت زمبابوین ٹیم مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 134رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی ۔ حارث رؤف اور عثمان قادر نے تین ،تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے فخر زمان صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس دوران کپتان بابر اعظم نے حیدر علی کے ساتھ سکور کو پراعتماد انداز میں آگے بڑھایا اور 100 رنز کی شراکت قائم کی،بابراعظم 51 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ حیدر علی نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 66 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 16 ویں اوور کی پہلی گیند پر آٹھ وکٹوں سے فتح دلا دی ، خوشدل شاہ نے 11 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔ حیدر علی کو پراعتماد اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کل کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں