وطن نیوز انٹر نیشنل

ساؤتھ افریقہ کے دورہ پاکستان کی تصدیق پر بابر اعظم خوشی سے نہال

لاہور: (ویب ڈیسک) 14 سال بعد ساؤتھ افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پروٹیز کی جانب سے دورہ پاکستان کی تصدیق کیے جانے پرانہیں خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریزمیں شامل 2 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کے منتظر ہیں کیونکہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب وہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی کپتانی کرنے کا اعزاز حاصل کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آئندہ سال پاکستان کو دنیا کی چند مضبوط ٹیموں کے خلاف متواتر کرکٹ کھیلنی ہے، جو ہماری ٹیم کی عالمی رینکنگ بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ اچھی اور مضبوط ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے ہمارے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں بھی نکھار آئے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے دورہ پاکستان پر رضامندی کا اظہار اور تین مختلف شہروں میں طویل اور محدود طرز کے کرکٹ میچز کھیلنے پر اتفاق کرنا، پاکستان کی کرکٹ اور یہاں موجود فینز کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا مگر اس کے باوجود پاکستان میں آج بھی اس ٹیم کے فینز کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

ذاکر خان نے مزید کہا کہ یہ ایک خوش آئند عمل ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سال 2021 کا شاندار آغاز جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی میزبانی سے کرے گا، ہمیں جنوبی افریقہ کے بعد اسی سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی بھی میزبانی کرنی ہے، اسی سال پاکستان کو ایشیا کپ 2021 اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2021 میں بھی شرکت کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے سال 2020 ایک چیلنجنگ سال تھا مگر پاکستان کرکٹ بورڈاب تک سیزن 2020-21 میں شامل اپنے 60 فیصد میچز کا کامیاب انعقاد کرچکا ہے اور امید ہے کہ ہم کوویڈ 19 کے پروٹوکولز کے تحت اس سیریز کے لیے بھی تمام لاجسٹک انتظامات مکمل کرلیں گے۔ذاکر خان کا کہنا ہے کہ ہم اس سیریز کی کامیابی کے لیے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے اسکواڈز کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے ڈائریکٹر کرکٹ ، گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے بہت محبت کرتی ہے اور انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ کئی ممالک کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کررہی ہیں اور اب جنوبی افریقہ کا شمار بھی انہی ممالک میں ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں اور وہ بخوبی جانتے ہیں کہ یہاں کی عوام کرکٹ سے کس قدر محبت کرتی ہے۔

گریم اسمتھ نے کہا کہ چند ہفتوں قبل کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے سیکورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ان کی مہمان نوازی پر وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بے حد مشکور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی وفد کی سفارشات اور تجاویز نے ہمیں دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ کرنے میں بہت رہنمائی کی، اب وہ اس یادگار دورے کے آغاز کے منتظر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں