وطن نیوز انٹر نیشنل

ٹی 10 لیگ کیلیے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یواے ای کے ویزے جاری نہ ہوسکے

ٹی10 لیگ کےلیے پاکستانی کھلاڑیوں اور افیشلز کو تاحال یواے ای کے ویزے جاری نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے ان کی روانگی تاخیر کا شکار ہے۔

ذرائع کےمطابق یو اے ای میں منعقدہ ٹی 10 لیگ کے منتطمین کی طرف سے پاکستانی کرکٹرز اور آفیشلز کے لیے یواے ای میں داخلےکا خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا جارہا ہے اور جلد ان کی روانگی کا پروانہ جاری ہونے کا امکان ہے۔ کوویڈ 19 کی وجہ سے پاکستانیوں کو فی الحال یواے ای کے ویزے بند ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹس تیار کرنے کے بعد قومی کرکٹرز اور آفیشلز کو سامان پیک رکھنے اور روانگی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گٗئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹین لیگ کا معاہدہ رکھنے والے کرکٹرز کو پاکستان کپ سے ریلیز کردیا۔ 28 جنوری سے ابوظہبی میں شروع ہونے والی لیگ کےلیے پاکستان کے آصف علی،اعظم خان، شرجیل خان، محمد حفیظ،محمدعرفان، معاذ خان،شعیب ملک، سہیل اختر اور محمد عامر کا مختلف ٹیموں کی طرف سے کھیلنے کا معاہدہ ہواہے۔ سابق کپتان شعیب ملک اور پیسر محمد عامر اس وقت دبئی میں موجود ہیں۔ شعیب ملک کے پاس یواے ای میں قیام کا پہلے سے ہی اجازت نامہ موجود ہے، فاسٹ بولر محمد عامر کی سری لنکا موجودگی کے دوران ہی پابندی لگنے سے پہلے ان کی ٹیم نے ویزہ جاری کروالیا تھا اور وہ ابو ظہبی پہنچ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں