وطن نیوز انٹر نیشنل

راولپنڈی ٹیسٹ؛ بارش کے باعث پہلے دن کا کھیل مقررہ اوورز سے قبل ختم

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں پہلے دن قومی ٹیم نے 3 وکٹ کے نقصان پر 145 رنز بنالے ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم قومی ٹیم کا اوپننگ کا مسئلہ اس ٹیسٹ میں بھی حل نہ ہوسکا، عمران بٹ 15 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ عابد علی بھی صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سابق کپتان اظہر علی نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی اور 22 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحاط انداز میں اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ اس دوران کپتان بابراعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

چائے کے وقفے کے بعد بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور پہلے دن کا کھیل مقررہ اوورز سے قبل ہی ختم کردیا گیا۔ پہلے دن کے اختتام پر بابراعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ والی ٹیم کوہی برقراررکھا ہے، یہ ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے لونگی نگیڈی کی جگہ آل راؤنڈر ویان ملڈر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ہونے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی، جس کے پاکستان کوسیریز میں برتری حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں