وطن نیوز انٹر نیشنل

سرفراز احمد سے محمد رضوان کی تعریف ہضم نہ ہوسکی

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریف ہضم نہ ہوئی۔

جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کروانے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں زبردست کارکردگی پر دنیا بھر سے تعریفیں سمیٹ رہے ہیں۔

یہی نہیں محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی میں تھری فیگر اننگز کھیل کر تمام فارمیٹس میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی اور برینڈن میک کولم کے بعد دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بلے باز ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا اور ان کے اس ریکارڈ پر قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ محمد حفیظ نے کھل کر تعریف کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ اسکورر محمد حفیظ نے رضوان کو سنچری بنانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ چمکتے ہوئے ستارے ہیں لیکن مجھے حیرت ہوتی ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں پاکستان کے نمبرون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔

حفیظ کی جانب سے محمد رضوان کے حق میں یہ تعریفی کلمات سابق کپتان سرفراز احمد سے برداشت نہ ہوئے اور انہوں نے جواب میں کہا ’’حفیظ بھائی صاحب! امتیاز احمد، وسیم باری، تسلیم عارف، سلیم یوسف، معین خان اور راشد لطیف سے لے کر کامران اکمل اور اب محمد رضوان تک جو بھی پاکستان کے لیے کھیلا وہ نمبر ون ہی رہے ہیں اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔

واضح رہے محمد رضوان نے صرف بیٹنگ میں ہی نہیں بلکہ وکٹ کیپنگ میں بھی خود کو منوایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں